قیس احمد کی جادوئی لیگ اسپن، شین وارن کی یاد تازہ ہوگئی

قیس احمد کی جادوئی لیگ اسپن، شین وارن کی یاد تازہ ہوگئی

Oct 13, 2026|ویب ڈیسک

 لاہور( سپورٹس ڈیسک)افغانستان کے لیگ اسپنر قیس احمد نے اپنی حیران کن گیند سے سابق آسٹریلوی لیجنڈ شین وارن کی یاد تازہ کردی، جس کی ویڈیو اور انداز نے کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔ابوظہبی میں بنگلادیش کے خلاف جاری واحد ٹیسٹ میچ میں قیس احمد مجموعی طور پر 130 رنز دے کر صرف 2 وکٹیں حاصل کرسکے، تاہم دوسری اننگز میں ان کی ایک گیند نے سب کو حیران کردیا۔افغان اسپنر کی شاندار لیگ اسپن کو بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شنتو سمجھنے میں ناکام رہے اور کلین بولڈ ہوگئے۔ گیند آف اسٹمپ سے باہر، تقریباً چھٹے اسٹمپ کے قریب گری اور تیزی سے گھومتے ہوئے بلے اور پیڈ کے درمیان سے گزرتی ہوئی مڈل اور لیگ اسٹمپ کے درمیان جا لگی۔اس غیر معمولی گیند نے شائقین کو آسٹریلوی لیجنڈ شین وارن کی یاد دلا دی، جنہیں کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین لیگ اسپنرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ وارن اپنی جادوئی گیندوں سے کئی نامور بلے بازوں کو حیران کرچکے ہیں۔شین وارن کی انگلینڈ کے مائیک گیٹنگ اور اینڈریو اسٹراس کے خلاف کی گئی دو مشہور گیندیں بھی ’بال آف دی سنچری‘ کی فہرست میں شامل رہی ہیں۔ قیس احمد کی گیند نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ لیگ اسپن کا جادو آج بھی کرکٹ کے میدانوں میں شائقین کو حیران کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔