لیونل میسی کو بیلن ڈی اور تقریب میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان

لیونل میسی کو بیلن ڈی اور تقریب میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان

Oct 13, 2026|ویب ڈیسک

 لاہور( سپورٹس ڈیسک)ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی 26 اکتوبر کو لندن میں ہونے والی بیلن ڈی اور ایوارڈز کی تقریب میں شرکت متوقع ہے، جہاں انہیں نئے فاتح کو ٹرافی پیش کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی جا سکتی ہے۔رپورٹر خوان جیسس کے مطابق انٹر میامی کے اسٹار فٹبالر تقریب میں شرکت کریں گے، تاہم ان کی موجودگی اور ایوارڈ پیش کرنے سے متعلق کردار کی تاحال آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔لیونل میسی دو ایڈیشنز میں نامزد نہ ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر بیلن ڈی اور کے 30 امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔ وہ اپنے شاندار کیریئر میں ریکارڈ آٹھ مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں، جبکہ آخری بار 2023 میں ان کے نام یہ ایوارڈ رہا تھا۔39 سالہ فٹبالر نے کلب اور قومی ٹیم کی جانب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے باعث انہیں ایک بار پھر اس انفرادی اعزاز کے امیدواروں میں جگہ ملی ہے۔بیلن ڈی اور ایوارڈز کی تقریب لندن کے معروف مقام لندن پیلیڈیم میں منعقد ہوگی۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب اس تقریب کا انعقاد برطانوی دارالحکومت میں کیا جائے گا۔تقریب کے دوران بہترین نوجوان کھلاڑی کے لیے کوپا ٹرافی اور بہترین گول کیپر کے لیے یاشین ٹرافی سمیت دیگر انفرادی اعزازات بھی دیے جائیں گے۔اگر میسی کی شرکت اور ٹرافی پیش کرنے کی ذمہ داری کی تصدیق ہوجاتی ہے تو ایوارڈز کی تقریب میں ان کی موجودگی خاص توجہ کا مرکز بن سکتی ہے۔