سعودی عرب میں حملوں کی ویڈیوز بنانے پر متعدد امریکی شہری گرفتار
ریاض ( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں حالیہ حملوں سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے الزام میں متعدد امریکی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق ریاض میں امریکی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ امریکی شہریوں کو حالیہ واقعات کی تصاویر بنانے پر حراست میں لیا گیا، تاہم گرفتار افراد کی تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔امریکی سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائیوں، ان کے اثرات اور حملوں کے مقامات سے متعلق تصاویر یا معلومات بنانا، شائع کرنا یا شیئر کرنا قانونی کارروائی کا باعث بن سکتا ہے۔سفارت خانے نے سعودی عرب میں تعینات امریکی سرکاری ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مملکت کے کسی بھی ہوائی اڈے کو استعمال کرنے سے قبل امریکی حکام سے خصوصی اجازت حاصل کریں۔اس کے علاوہ امریکی شہریوں کو سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر سفر کے دوران انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔