او آئی سی کی حوثی حملوں کی مذمت، سعودی عرب کی بھرپور حمایت
دوحہ( مانیٹرنگ ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی استحکام کے لیے غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کو نشانہ بنانا مملکت کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ حوثیوں کی جانب سے ایسے اقدامات کا مسلسل جاری رہنا خطرناک اور ناقابل قبول اشتعال انگیزی ہے۔سیکرٹری جنرل کے مطابق یہ کارروائیاں یمن میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور امن و استحکام کے لیے جاری علاقائی و بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ حملے ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام سے متعلق بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں۔حسین ابراہیم طہٰ نے مزید کہا کہ ایسی کارروائیاں یمن کے بحران کے جامع اور مستقل سیاسی حل کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہیں، جس کے لیے عالمی برادری کوششیں کر رہی ہے۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم مملکت کی جانب سے قومی سلامتی کے تحفظ، شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت اور علاقائی استحکام یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ خطے کو مزید کشیدگی اور بدامنی سے بچانے کے لیے مذاکرات کو ترجیح دیں اور امن عمل کے ساتھ سنجیدہ وابستگی کا مظاہرہ کریں۔