ترک اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ گھر میں مردہ پائے گئے

ترک اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ گھر میں مردہ پائے گئے

Sep 7, 2026|ویب ڈیسک

استنبول( شوبز ڈیسک) ترک ڈرامہ سیریل ’’کورولوش عثمان‘‘ میں میخائل کوسس کا کردار ادا کرنے والے معروف ترک اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ترک میڈیا کے مطابق 51 سالہ اداکار کو 5 ستمبر کو استنبول کے ضلع کاگتھانے میں واقع ان کے اپارٹمنٹ میں دوست اوزلم ای نے مردہ حالت میں پایا۔رپورٹس کے مطابق اوزلم ای 3 ستمبر سے اداکار سے رابطے کی کوشش کر رہی تھیں، تاہم رابطہ نہ ہونے پر وہ ان کے گھر پہنچیں، جہاں انہوں نے سرحات مصطفیٰ کیلیچ کو ایک کمرے میں کرسی پر بے حس و حرکت پایا۔اداکار کی جانب سے سانس نہ لیے جانے پر فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی گئی۔ طبی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر اداکار کے انتقال کی تصدیق کردی۔پولیس کے مطابق ابتدائی معائنے میں اداکار کے جسم پر تشدد یا کسی حملے کے آثار نہیں ملے اور نہ ہی کوئی کھلا زخم موجود تھا۔ موت کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔اداکار کی دوست نے پولیس کو بتایا کہ سرحات مصطفیٰ کیلیچ لمفک کینسر میں مبتلا تھے۔1975ء میں پیدا ہونے والے سرحات مصطفیٰ کیلیچ نے 1998ء میں تھیٹر سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔ ان کی فلم ’’کچ یوکوسو‘‘ نے 2014ء میں کانز فلم فیسٹیول میں ایوارڈ بھی حاصل کیا۔سرحات مصطفیٰ کیلیچ نے ’’سوز‘‘، ’’کورولوش عثمان‘‘، ’’محمد فاتح‘‘ سمیت متعدد مقبول ٹی وی سیریز اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور دنیا بھر میں بڑی تعداد میں مداح رکھتے تھے۔