ٹرمپ کا دعویٰ، ایران کو ایٹمی ہتھیار ملتے تو اسرائیل مٹ جاتا
واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت دی جاتی تو آج اسرائیل اور پورا مشرق وسطیٰ دنیا کے نقشے سے مٹ چکے ہوتے۔امریکی صدر نے ریاست فلوریڈا میں قائم کینیڈی خلائی مرکز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ضروری تھا، کیونکہ اس کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ گزشتہ سال بی ٹو بمبار طیاروں کے ذریعے ایران کے جوہری ہتھیاروں کو ختم کرنے کے لیے کارروائی کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایرانی حکام کے ساتھ معاملات طے کرنے کی کوشش کی ہے، تاہم اب دیکھنا ہوگا کہ یہ معاملہ کس سمت آگے بڑھتا ہے۔امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ وہ انتخابات میں امیدوار نہیں تھے، ورنہ کامیابی حاصل کر لیتے۔ اس سے قبل سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر اپنے بیان میں بھی ٹرمپ نے کہا تھا کہ کوئی اس حقیقت کا اعتراف نہیں کرنا چاہتا، لیکن سب اس سے آگاہ ہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر گزشتہ دنوں اعتراف کر چکے ہیں کہ ایران کے خلاف جنگ کی عوامی سطح پر غیر مقبولیت اور اس کے نتیجے میں عالمی مہنگائی میں اضافے نے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن جماعت کی بھاری شکست میں اہم کردار ادا کیا۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی تسلیم کیا تھا کہ ان کے خیال میں ریپبلکن جماعت کی انتخابی ناکامی کی ایک بڑی وجہ ایران کے ساتھ جنگ تھی۔