کراچی میں ٹماٹر 300 روپے کلو تک پہنچ گئے

کراچی میں ٹماٹر 300 روپے کلو تک پہنچ گئے

Jun 30, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( کامرس ڈیسک)میں ٹماٹر کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ایک کلو ٹماٹر 300 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق نائب صدر یونس سومرو کے مطابق سندھ میں ٹماٹر کی نئی فصل کی پنیری تیار ہو چکی ہے اور جولائی سے اس کی کاشت کا آغاز ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مون سون بارشوں کے دوران 10 سے 20 فیصد پودے متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے، تاہم کاشت کار یہ خطرہ مول لیتے ہیں۔یونس سومرو کا کہنا تھا کہ چاول کی فصل کی کٹائی کے ساتھ ہی ٹماٹر کی کاشت نومبر تک جاری رہتی ہے، جبکہ اس کی پیداوار اپریل تک دستیاب رہتی ہے اور قیمتیں عموماً مئی اور جون تک مستحکم رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جولائی کے ابتدائی دنوں میں ٹماٹر کی عارضی قلت پیدا ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے، جبکہ طلب پوری کرنے کے لیے ایرانی ٹماٹر بھی منڈیوں میں لایا جائے گا۔ان کے مطابق سندھ کا موسم جدید اور کنٹرول شدہ ماحول میں سال بھر ٹماٹر کی پیداوار کے لیے موزوں ہے، تاہم اس کے لیے سرمایہ کاری درکار ہے، جس پر کراچی چیمبر اور سندھ حکومت کے درمیان بات چیت جاری ہے۔یونس سومرو نے کہا کہ اگر حکومت سازگار ماحول فراہم کرے تو کراچی چیمبر مقامی افراد کے تعاون سے ایسے منصوبوں پر کام کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق سستے قرضوں کے بجائے شراکت داری کے نظام کو فروغ دینا زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فصل کے منافع اور نقصان کو تقسیم کرنے کا جدید نظام کارپوریٹ ڈھانچے کے تحت قائم کیا جا سکتا ہے، جبکہ خوراک کی ممکنہ قلت سے نمٹنے کے لیے زرعی پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے۔