ملک بھر میں بجلی مزید مہنگی، صارفین پر 45 ارب روپے کا بوجھ پڑگیا

ملک بھر میں بجلی مزید مہنگی، صارفین پر 45 ارب روپے کا بوجھ پڑگیا

Sep 5, 2026|ویب ڈیسک

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک) ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی کردی گئی ہے۔ بجلی کی قیمت میں ماہانہ اور سہ ماہی تبدیلیوں کے تحت اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔نیپرا کے مطابق ماہانہ تبدیلی کے تحت بجلی کی قیمت میں 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کا اطلاق ستمبر 2026ء کے بجلی کے بلوں پر ہوگا۔نیپرا کے مطابق جولائی کی ایندھن قیمت میں تبدیلی کے تحت بجلی صارفین پر تقریباً 33 ارب روپے کا اضافی بوجھ منتقل کیا جائے گا۔دوسری جانب سہ ماہی تبدیلی کے تحت بجلی کی قیمت میں 52 پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیپرا نے اپریل سے جون 2026ء کی سہ ماہی تبدیلی سے متعلق فیصلہ وفاقی حکومت کو بھیج دیا ہے۔سہ ماہی اضافے کا اطلاق ستمبر سے نومبر 2026ء تک ہوگا اور اس کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی کیا جائے گا۔نیپرا حکام کے مطابق سہ ماہی تبدیلی کے نتیجے میں بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 12 ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔