مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، برینٹ خام تیل 110 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا
Oct 22, 2026|ویب ڈیسک
کراچی ( کامرس ڈیسک)مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سعودی عرب پر حوثیوں کے مزید حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں برینٹ خام تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کو برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 1.29 ڈالر، یعنی 1.2 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 110.11 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 97 سینٹ، یعنی ایک فیصد بڑھ کر 98.12 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق بدھ کو گزشتہ کاروباری سیشن کے اختتام پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آئی تھی، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 67 سینٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔