امریکی ٹک ٹاکر بریانا جانسن فائرنگ کے واقعے میں ہلاک
فلوریڈا (شوبز ڈیسک) امریکا کی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر بریانا جانسن، جو ڈریم ڈول بری کے نام سے شہرت رکھتی تھیں، فائرنگ کے ایک واقعے میں ہلاک ہو گئی ہیں۔پولیس کے مطابق 21 سالہ بریانا جانسن لائم گرین رنگ کی لگژری گاڑی لمبرگینی یورس چلا رہی تھیں، جبکہ ان کے ساتھ گاڑی میں مزید دو افراد بھی سوار تھے۔ اسی دوران نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر ایک رہائشی مکان سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں بریانا جانسن موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں۔واقعے میں گاڑی میں موجود دیگر دو افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم حملہ آوروں کی شناخت یا فائرنگ کی وجہ کے بارے میں تاحال کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔