بیٹے کی کامیابی جان ریمبو کیلئے زندگی کا سب سے بڑا اعزاز بن گئی

بیٹے کی کامیابی جان ریمبو کیلئے زندگی کا سب سے بڑا اعزاز بن گئی

Oct 30, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستان کے سینئر اداکار جان ریمبو نے اپنے بیٹے احسن خان کی گریجویشن مکمل ہونے پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔اداکار جان ریمبو، جن کا اصل نام افضل خان ہے، اپنی اہلیہ صاحبہ افضل کے ہمراہ بیٹے کی لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) سے گریجویشن کی تقریب میں شریک ہوئے۔اس موقع پر انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ بیٹے کی تعلیمی کامیابی پر بے حد خوش اور جذباتی دکھائی دیے۔جان ریمبو کا کہنا تھا کہ آج وہ خود کو دنیا کا خوش قسمت ترین باپ محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں کام کے دوران انہیں کئی ایوارڈز ملے، تاہم بیٹے کا لمز سے گریجویشن مکمل کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا ایوارڈ ہے۔اداکار کے اس جذباتی اظہار کو سوشل میڈیا پر بھی پذیرائی مل رہی ہے، جہاں صارفین والد کی خوشی اور بیٹے کی کامیابی کو سراہ رہے ہیں۔