میتھیو پیری کی ڈاکیومنٹری میں ’فرینڈز‘ کی مرکزی کاسٹ شریک نہ ہوئی
واشنگٹن ( شو بز ڈیسک)ہالی ووڈ کے آنجہانی اداکار میتھیو پیری کی زندگی اور فنی سفر پر مبنی نئی دستاویزی سیریز ’دی ون اباؤٹ میتھیو پیری‘ نیٹ فلکس پر ریلیز کردی گئی، تاہم مقبول سیریز ’فرینڈز‘ کی مرکزی کاسٹ نے اس میں شرکت نہیں کی۔تین اقساط پر مشتمل ڈاکیومنٹری میں میتھیو پیری کی نشے کی لت، بحالی کی کوششوں اور 2018 میں پیش آنے والی سنگین طبی پیچیدگی پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس میں اداکار کی بہن میا پیری بووک، دوستوں، سابقہ گرل فرینڈز اور بحالی کے سفر میں ان کے ساتھیوں کے انٹرویوز شامل ہیں۔دستاویزی سیریز میں ’فرینڈز‘ کے مرکزی اداکار جینیفر اینسٹن، کورٹنی کاکس، لیزا کڈرو، ڈیوڈ شوئمر اور میٹ لی بلانک نظر نہیں آئے۔ہدایت کارہ میری رابرٹسن کے مطابق پانچوں اداکاروں سے رابطہ کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’فرینڈز‘ کی کاسٹ میتھیو پیری سے محبت کرتی تھی اور ان کی موت کا دکھ آج بھی محسوس کرتی ہے۔