تیرہ سال کا گند تین دن میں صاف نہیں ہوسکتا، فیصل کنڈی

تیرہ سال کا گند تین دن میں صاف نہیں ہوسکتا، فیصل کنڈی

Oct 20, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں صفائی ستھرائی بہتر بنانے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیرہ سال کا گند تین دن میں صاف نہیں ہوسکتا، اس کے لیے وقت درکار ہوگا۔پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کو صاف ستھرا بنانا حکومت کا عزم ہے۔ پشاور میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور غیر قانونی تجاوزات قائم کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ انہیں خود ختم کردیں، بصورت دیگر حکومت کارروائی کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے معاملے میں کسی کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کو صاف ستھرا بنانے کے لیے صفائی مہم شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد عوام کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہوگئے ہیں۔صوبائی انتظامیہ کے مطابق پشاور کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ بازاروں، تجارتی مراکز، اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے کے لیے متعلقہ عملہ دن رات مصروف ہے، جبکہ صفائی کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ گورنر راج کے بعد خیبر پختونخوا میں متعلقہ ادارے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھرپور انداز میں کام کررہے ہیں، تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جاسکے۔