سندھ میں تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس پالیسیوں میں 40 گنا اضافہ ریکارڈ
کراچی (کامرس ڈیسک) سندھ میں موٹر وہیکل قانون میں ترامیم کے بعد تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس لازمی قرار دیے جانے کے نتیجے میں انشورنس پالیسیوں کی تعداد میں تقریباً 40 گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔مارچ 2026 میں ان پالیسیوں کی تعداد صرف 11 ہزار 200 تھی، جو نومبر تک بڑھ کر 4 لاکھ 52 ہزار 515 ہوگئی۔ اس طرح تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس میں تقریباً 3 ہزار 940 فیصد اضافہ ہوا ہے۔یہ اصلاحات حکومت سندھ نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے تعاون سے متعارف کرائی تھیں۔ لازمی انشورنس پالیسی پر عمل درآمد میں سہولت کے لیے سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی نے موٹر انشورنس ریپوزٹری قائم کی، جس کے ذریعے انشورنس پالیسیوں کی ڈیجیٹل تصدیق ممکن بنائی گئی ہے۔ یہ نظام سندھ کے محکمہ گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیکس کے نظام سے بھی منسلک ہے۔تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس سڑک حادثات میں متاثر ہونے والے افراد کو مالی تحفظ فراہم کرتی ہے۔ قانون اور پالیسی کی شرائط کے مطابق اس میں حادثے کے نتیجے میں کسی دوسرے شخص کو پہنچنے والی چوٹ، موت یا املاک کے نقصان کی ذمہ داری شامل ہوتی ہے، تاہم پالیسی ہولڈر کی اپنی گاڑی کو پہنچنے والا نقصان اس کا حصہ نہیں ہوتا۔سندھ میں تقریباً 26 لاکھ گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، جس کے باعث انشورنس کوریج میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ پالیسیوں کی تعداد میں حالیہ پیش رفت کو قانون پر عمل درآمد اور سڑک استعمال کرنے والوں کے تحفظ کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں عوامی آگاہی، مؤثر نفاذ اور آسانی سے دستیاب انشورنس سہولیات کو ضروری سمجھا جارہا ہے۔ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کے مطابق تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس سڑک حادثات کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو ضروری مالی معاوضے کی فراہمی میں مدد دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں حاصل ہونے والی پیش رفت کی بنیاد پر وفاقی حکومت اور پنجاب سمیت دیگر صوبائی حکومتوں سے رابطے کیے جارہے ہیں تاکہ اس اہم قانون سازی کو آگے بڑھایا جائے اور تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس کا نفاذ پورے ملک میں ممکن بنایا جاسکے۔