ایف بی آر کا پیک شدہ چائے کی تیاری پر الیکٹرانک نگرانی کا فیصلہ
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس چوری کی روک تھام اور چائے کی پیداوار و فروخت کا ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے پیک شدہ چائے کی تیاری کی الیکٹرانک نگرانی لازمی قرار دے دی ہے۔ نئے احکامات کے تحت چائے کے ہر ریٹیل پیک پر مشین کے ذریعے پڑھے جانے کے قابل بارکوڈ لگانا ہوگا۔ایف بی آر نے تمام رجسٹرڈ مینوفیکچررز، بلینڈرز اور پیکرز کو 10 دسمبر 2026 تک الیکٹرانک پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم نصب اور فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس ضمن میں سیلز ٹیکس جنرل آرڈر بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کا اطلاق ملک بھر میں چائے تیار کرنے، مختلف اقسام کی آمیزش اور پیکنگ کرنے والے تمام رجسٹرڈ اداروں، بشمول ٹول اور کنٹریکٹ پیکرز پر ہوگا۔حکم نامے کے مطابق بلیک ٹی، گرین ٹی، فلیورڈ ٹی، ٹی بیگز، انسٹنٹ ٹی، چائے کے عرق اور چائے سے تیار کردہ مختلف پری مکسز سمیت تمام اقسام کی پیک شدہ چائے اس نظام کے دائرہ کار میں شامل ہوں گی۔نئی ہدایات کے تحت ہر برانڈ، وزن اور پیکنگ کی قسم کے لیے الگ بارکوڈ رجسٹر کرانا ضروری ہوگا، جبکہ پیداوار اور پیکنگ سے متعلق معلومات فوری طور پر ایف بی آر کو منتقل کی جائیں گی۔ نئی مصنوعات متعارف کرانے یا موجودہ پیکنگ میں تبدیلی کی صورت میں متعلقہ تفصیلات پیکنگ شروع ہونے سے کم از کم 7 روز پہلے رجسٹر کرانا ہوں گی۔ایسے ادارے جن کی مصنوعات پر بارکوڈ موجود نہیں یا ایک ہی بارکوڈ متعدد مصنوعات کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، انہیں حکم نامہ جاری ہونے کے 15 دن کے اندر ہر منفرد مصنوعات کے لیے علیحدہ بارکوڈ مختص کرنا ہوگا۔ یہ بارکوڈ پیکٹ پر نمایاں اور اسکین کیے جانے کے قابل جگہ پر چھاپنا یا پائیدار لیبل کے ذریعے لگانا ضروری ہوگا۔ اس کے علاوہ برانڈ، آمیزش، وزن، پیکنگ کی نوعیت، خوردہ قیمت، بارکوڈ نمبر اور پیکٹ کی تصویر سمیت تمام تفصیلات مجاز وینڈر کے پاس درج کرانا ہوں گی۔ایف بی آر کے حکم کے مطابق چائے کی ہر پیکنگ لائن پر الیکٹرانک مانیٹرنگ کا نظام نصب کیا جائے گا، جو ہر پیکٹ کا بارکوڈ اسکین کرکے اس کی شناخت اور تعداد کا ریکارڈ محفوظ کرے گا۔ دستی طریقے سے پیکنگ کرنے والی کمپنیوں کو بھی کنویئر یا مخصوص اسکیننگ پوائنٹ قائم کرنا ہوگا تاکہ ہر پیکٹ کی گنتی اور نگرانی ممکن ہوسکے۔بارکوڈ کو ہٹانے، چھپانے یا تبدیل کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ غیر رجسٹرڈ بارکوڈ کے حامل پیکٹ تیار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ الیکٹرانک نگرانی کے بغیر پیک شدہ چائے کو فیکٹری یا کاروباری مقام سے باہر لے جانے کی بھی ممانعت ہوگی۔ایف بی آر نے اس نظام کے نفاذ کے لیے 4 مجاز وینڈرز، ایکسیلنس ڈیلیورڈ، نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن، ٹول لنک پاکستان اور اے جے سی ایل کو نامزد کیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو ضروری ہارڈویئر، سافٹ ویئر، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سہولیات، بجلی اور رابطے کے انتظامات کے ساتھ مقررہ فیس اور اخراجات بھی ادا کرنا ہوں گے۔حکم نامے کے تحت چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو اپنے متعلقہ علاقوں میں فوکل پرسنز مقرر کرنے اور تمام متعلقہ مینوفیکچررز و پیکرز کو نظام میں شامل کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ جاری کردہ اداروں کی فہرست حتمی نہیں، لہٰذا اس میں شامل نہ ہونے والے دیگر متعلقہ رجسٹرڈ ادارے بھی الیکٹرانک نگرانی کے پابند ہوں گے۔