غلام فرید صابری قوال کی آواز آج بھی دلوں پر راج کرتی ہے

2 گھنٹے قبل
غلام فرید صابری قوال کی آواز آج بھی دلوں پر راج کرتی ہے

کراچی ( شوبز ڈیسک) قوالی کی دنیا کے عظیم فنکار غلام فرید صابری کو مداحوں سے بچھڑے بتیس برس گزر گئے، تاہم ان کی گائی ہوئی قوالیاں آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں اور اسی جوش و جذبے سے سنی جاتی ہیں۔غلام فرید صابری نے تاجدارِ حرم اور دیگر بے شمار مقبول قوالیوں کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں قوالی کو نئی پہچان دی۔ وہ اپنی پُرسوز آواز اور روحانی انداز کی بدولت قوالی کے چاہنے والوں کے دلوں کی دھڑکن بن گئے تھے۔سن انیس سو تیس میں مشرقی پنجاب میں پیدا ہونے والے غلام فرید صابری کو بچپن ہی سے قوالی کا شوق تھا۔ وہ اپنے بھائی مقبول صابری کے ساتھ مل کر قوالی پیش کرتے رہے اور اس جوڑی نے بے پناہ شہرت حاصل کی۔ستر اور اسی کی دہائی ان کے فن کا عروج ثابت ہوئی، جب انہوں نے بھر دو جھولی میری یا محمد ﷺ جیسی لازوال قوالی پیش کر کے عالمی سطح پر اپنے فن کا لوہا منوایا۔ان کے گائے ہوئے کئی کلام فلموں میں بھی شامل کیے گئے، جن میں محبت کرنے والوں اور آفتاب رسالت خاص طور پر مقبول ہوئیں۔ غلام فرید صابری نے اردو کے ساتھ ساتھ پنجابی، سرائیکی اور سندھی زبانوں میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔اپریل انیس سو چورانوے میں کراچی میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث وہ اس دنیا سے رخصت ہو گئے، مگر ان کی آواز آج بھی سننے والوں کو وجد میں لے آتی ہے اور ان کی یاد تازہ کر دیتی ہے۔