تزئین حسین کی دوسری شادی، دیر کی وجہ اور نئے رشتے کی کہانی سامنے آ گئی

3 گھنٹے قبل
تزئین حسین کی دوسری شادی، دیر کی وجہ اور نئے رشتے کی کہانی سامنے آ گئی

کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ تزئین حسین نے اپنی دوسری شادی سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے نئے رشتے کے لیے طویل وقت کیوں لیا۔ سنجیدہ اداکاری اور مضبوط شخصیت کے حوالے سے پہچانی جانے والی اداکارہ نے اپنی ذاتی زندگی کے تجربات کھل کر بیان کیے۔معروف اداکار طلعت حسین کی بیٹی تزئین حسین کے مطابق اپنے پہلے شوہر کے انتقال کے بعد وہ تقریباً پانچ سال تک اکیلی ماں کے طور پر زندگی گزارتی رہیں۔ اس عرصے نے انہیں صبر سکھانے کے ساتھ ساتھ خود کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع بھی فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ تنہائی انسان کو اپنی شخصیت کے ایسے پہلوؤں سے روشناس کراتی ہے جن پر پہلے کبھی توجہ نہیں دی جاتی۔ ان کے بقول کسی نئے رشتے میں آنے سے قبل وقت دینا ضروری ہوتا ہے تاکہ انسان ذہنی طور پر خود کو ایک اور موقع دینے کے لیے تیار کر سکے۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کی موجودہ شادی حال ہی میں ہوئی، جس پر مداحوں کی جانب سے انہیں بھرپور محبت اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی اپنے موجودہ شوہر سے ملاقات سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے ہوئی، جہاں ایک قریبی دوست نے دونوں کا تعارف کروایا۔تزئین حسین کے مطابق ان کی دوست کا مقصد دو تنہا افراد کو ایک دوسرے کے قریب لانا تھا، جو بالآخر ایک مضبوط رشتے میں تبدیل ہو گیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ آج وہ پہلے سے زیادہ پختہ اور مضبوط شخصیت کی حامل ہیں۔انہوں نے اپنی موجودہ زندگی کو پرسکون اور خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ خود کو بہتر طور پر سمجھنا ہی ان کی نئی ازدواجی زندگی کو مضبوط بنا رہا ہے۔