سنیتا آہوجا کا گووندا سے علیحدگی کی خبروں پر ردعمل
ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے طلاق اور علیحدگی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی صورت اپنے شوہر کو نہیں چھوڑیں گی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیتا آہوجا نیٹ فلکس کے ریئلٹی شو لاک اپ میں بطور امیدوار شریک ہوئی تھیں، تاہم صحت کے مسائل کے باعث انہیں شو سے الگ ہونا پڑا۔شو میں مختصر شرکت کے دوران سنیتا آہوجا نے گووندا کے مبینہ معاشقوں سے متعلق گفتگو کی تھی۔ حالیہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اعتماد اور محبت کو کئی بار آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس کے باوجود وہ اپنے رشتے کو ختم نہیں کریں گی۔سنیتا آہوجا کا کہنا تھا کہ اعتماد بہت اہم چیز ہے، فلمی دنیا میں اداکارائیں اور اداکار ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ وقت گزارتے ہیں، ایسے حالات میں رشتے کو محبت اور سمجھداری سے نبھانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی اداکار کی اہلیہ بننے کے لیے دل مضبوط رکھنا پڑتا ہے۔ سنیتا کے مطابق انہیں 15 سال کی عمر میں گووندا سے محبت ہوئی تھی اور آج 56 سال کی عمر میں بھی وہ اپنے شوہر سے اتنی ہی محبت کرتی ہیں۔سنیتا آہوجا نے کہا کہ انہوں نے گووندا کو کئی مرتبہ معاف کیا ہے اور ممکن ہے کہ ان سے بھی کبھی غلطیاں ہوئی ہوں، کیونکہ حقیقی محبت میں انسان معاف کر کے آگے بڑھ جاتا ہے۔واضح رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کی طلاق سے متعلق افواہیں گزشتہ فروری سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، جبکہ حالیہ انٹرویوز میں سنیتا کی نجی زندگی سے متعلق گفتگو کے بعد ان قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوا تھا۔