سنیتا آہوجا نے شلپا شندے کے طنز کا بھرپور جواب دے دیا
ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے ریئلٹی شو "لاک اپ" کے دوسرے سیزن میں اداکارہ شلپا شندے کی جانب سے کیے گئے تبصرے کا سخت جواب دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔شو کے نئے پرومو میں وائلڈ کارڈ کے ذریعے شریک ہونے والی شلپا شندے نے گووندا کے بارے میں سنیتا آہوجا کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’’گووندا جی کے دنیا بھر میں بے شمار مداح ہیں، آپ ان کے بارے میں اس طرح کیسے بات کر سکتی ہیں؟‘‘اس پر سنیتا آہوجا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شلپا شندے کو خاموش رہنے کا کہا اور جواب دیا، ’’جب تم پر ایسی صورتحال گزرے گی، تب تمہیں احساس ہوگا۔‘‘اس مکالمے کے بعد سوشل میڈیا، خصوصاً انسٹاگرام پر متعدد صارفین نے سنیتا آہوجا کی حمایت کی۔ ایک صارف نے لکھا، ’’سنیتا نے بالکل درست جواب دیا،‘‘ جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’’شلپا شندے کو ان کے ماضی کے متنازع معاملات کے بعد دوبارہ عوامی پلیٹ فارم پر نہیں لانا چاہیے تھا۔‘‘یاد رہے کہ شلپا شندے نے حال ہی میں اعتراف کیا تھا کہ ماضی میں ڈرامہ "بھابھی جی گھر پر ہیں" کے پروڈیوسر کے خلاف لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات درست نہیں تھے۔