بلوچستان میں امن و امان کیلئے سخت اقدامات، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ

بلوچستان میں امن و امان کیلئے سخت اقدامات، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ

Nov 5, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ ( اباسین خبر) بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منشیات، اسمگلنگ اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی و صوبائی اداروں، متعلقہ محکموں اور سکیورٹی فورسز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے منشیات کی روک تھام، اسمگلنگ کے خاتمے اور پوست کی غیرقانونی کاشت کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں صوبے کے بی ایریاز کو اے ایریاز میں تبدیل کرنے کے جاری عمل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اس پیش رفت کو تمام ڈویژنز میں مؤثر انداز سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔شرکاء کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کی تکمیل کے لیے ضروری فنڈز اور وسائل فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔اجلاس کے شرکاء نے صوبے میں پائیدار امن کے قیام، قانون کی بالادستی اور ریاستی عملداری مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔