اسپین نے بلجیم کو شکست دے کر ورلڈ کپ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی
لاس اینجلس( سپورٹس ڈیسک) اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بلجیم کو 2-1 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔لاس اینجلس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ آخری لمحات تک دلچسپ رہا۔اسپین کی جانب سے پہلا گول فابیان رویز نے میچ کے 30ویں منٹ میں کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم صرف 11 منٹ بعد بلجیم کے چارلس نے خوبصورت ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا، جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہا۔دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کے لیے بھرپور حملے کیے، لیکن دفاعی کھیل کے باعث کسی ٹیم کو کامیابی نہ مل سکی۔میچ کے 88ویں منٹ میں اسپین کے میکل میرینو نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو 2-1 کی فیصلہ کن برتری دلائی، جو آخر تک برقرار رہی۔اس فتح کے ساتھ سابق عالمی چیمپئن اسپین نے فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ بلجیم کا ٹورنامنٹ میں سفر اختتام پذیر ہو گیا۔