سپین نے فرانس کو شکست دے کر ورلڈ کپ فائنل میں جگہ بنا لی
ٹیکساس( شوبز ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے پہلے سیمی فائنل میں سپین نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں سپین نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ پہلے ہاف میں میکل اویارزابال نے پنالٹی پر گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ دوسرے ہاف میں پیڈرو پورو نے دانی اولمو کے پاس پر دوسرا گول کر کے کامیابی یقینی بنا دی۔کیلیان ایمباپے کی قیادت میں فرانس کو ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیموں میں شمار کیا جا رہا تھا، تاہم سپین کے منظم دفاع اور مؤثر جوابی حملوں کے سامنے فرانسیسی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ سپین کے گول کیپر اور دفاعی لائن نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے فرانس کو گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔اس فتح کے ساتھ سپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل میں اپنی جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ اور ارجنٹینا کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا، جبکہ فرانس اب تیسری پوزیشن کے میچ میں حصہ لے گا۔