جنوبی بھارت: فلم ساز رنجیت بالاکرشنن ہراسانی کے الزامات پر گرفتار

3 گھنٹے قبل
جنوبی بھارت: فلم ساز رنجیت بالاکرشنن ہراسانی کے الزامات پر گرفتار

ممبئی( شوبز ڈیسک)جنوبی بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری میں تنازعہ پیدا ہو گیا ہے، جہاں معروف فلم ساز رنجیت بالاکرشنن کو ایک اداکارہ کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق، یہ کارروائی اداکارہ کی شکایت پر کی گئی، جس میں انہوں نے شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات بیان کیں۔ شکایت میں کہا گیا کہ رنجیت نے شوٹنگ کے دوران اداکارہ کو ایک کارواں میں بلا کر مبینہ طور پر نامناسب رویہ اختیار کیا اور ہراسانی کی کوشش کی۔اس پر فوری مقدمہ درج کیا گیا، جس میں جنسی ہراسانی، خواتین کی عزت مجروح کرنے، ناجائز قید اور غیر اخلاقی حرکات جیسے الزامات شامل کیے گئے۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لینے کے بعد مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا، جہاں عدالت نے انہیں 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔رنجیت کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ جلد ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب رنجیت بالاکرشنن اس نوعیت کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں، کیونکہ 2024 میں بھی ایک بنگالی اداکارہ نے انہیں ہراسانی کے الزام میں نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد انہیں کیرالہ چلاچترا اکیڈمی کی چیئرمین شپ چھوڑنا پڑی تھی۔