شیر افضل مروت نے عمران خان کی بہنوں سے تنازع کی تردید کردی
پشاور( اباسین خبر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے بانی چیئرمین عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے ساتھ کسی بھی ذاتی یا مالی اختلاف کی تردید کردی۔شیر افضل مروت نے کہا کہ وہ علیمہ خان کے ساتھ راولپنڈی اور اسلام آباد کے احتجاج میں شریک رہے ہیں، تاہم بعد میں ان کے خلاف مسلسل چار مرتبہ بیانات سامنے آئے، جس کے بعد انہوں نے اپنا مؤقف واضح کرنا ضروری سمجھا۔انہوں نے کہا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے ساتھ ان کا کوئی ذاتی یا مالی تنازع نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب صحافی ان کے بارے میں سوال کرتے ہیں اور ان کی بہنیں جواب دیتی ہیں تو معاملہ مزید عوامی بحث کا موضوع بن جاتا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مشکل وقت میں انہوں نے ملک بھر میں پارٹی کے لیے مہم چلائی، عوام کا حوصلہ بڑھایا اور ایسے کام کیے جو اس وقت کوئی اور نہیں کر سکتا تھا۔ ان کے مطابق حالات بدلنے کے بعد وہ لوگ بھی سامنے آگئے جو پہلے پسِ پردہ تھے اور پھر ان کے خلاف کردار کشی شروع ہوگئی۔شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا کہ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ ان کی سیاسی مقبولیت بعض لوگوں سے زیادہ بڑھ رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر مخالفین کو اس سے کوئی فائدہ ہوا ہے تو انہیں مبارک ہو۔وزیراعلیٰ کو پنجاب کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنا چاہیے تھا،شیر افضل مروت نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو صوبے میں مزید وقت گزارنے کے بجائے اٹک، میانوالی، بھکر، چکوال، جہلم اور تلہ گنگ کا دورہ کرنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں بڑی آبادی موجود ہے اور مارچ کے لیے وہاں سے مؤثر عوامی حمایت حاصل کی جاسکتی تھی۔ ان کے مطابق مارچ کی تیاری کے دوران ان علاقوں میں عوام سے رابطہ اور حمایت حاصل کرنا زیادہ مؤثر سیاسی حکمت عملی ثابت ہوسکتی تھی۔