شہباز شریف سے امریکا میں مقیم کاروباری شخصیات اور ماہرین کی ملاقاتیں
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امریکا میں مقیم مختلف شعبوں سے وابستہ کاروباری شخصیات اور ماہرین نے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم کاروباری افراد اور ماہرین پاکستان کے سفیر ہیں، حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی محصولات کے ادارے میں اصلاحات کے ذریعے کاروباری برادری کے مسائل حل کیے گئے ہیں، جبکہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ملاقات کرنے والے وفود نے زراعت، صنعت، برآمدات اور بالخصوص وفاقی محصولات کے ادارے میں اصلاحات کو سراہا۔ملاقاتوں میں وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی رانا مشہود احمد خان، معاونِ خصوصی بلال بن ثاقب، اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار، امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان احمد شیخ، مشرف زیدی اور اوورسیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین قمر رضا شریک تھے۔