مستونگ حملے میں ہلاک دہشتگرد سے افغان انٹیلیجنس کارڈ برآمد
مستونگ( اباسین خبر)سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ حملے میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں افغان شہری بھی شامل تھے، جبکہ ایک ہلاک دہشتگرد سے افغان انٹیلیجنس ادارے کا شناختی کارڈ برآمد ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد ذوالفقار کے قبضے سے افغان جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلیجنس کا کارڈ ملا، جبکہ دوسرے ہلاک دہشتگرد خلیل احمد سے افغان تذکرہ بھی برآمد کیا گیا۔واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز مستونگ کی کنک وادی میں کارروائی کرتے ہوئے 9 خوارج دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے کنک وادی میں سکیورٹی چوکی پر حملے کی کوشش کی، جس پر فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب کرکے مزید 7 خوارج کو مارا گیا۔کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں سے 3 موٹر سائیکلیں، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی ہوگیا تھا۔