شی جن پنگ کا امریکا پہنچنے پر ٹرمپ نے شاندار استقبال کیا

شی جن پنگ کا امریکا پہنچنے پر ٹرمپ نے شاندار استقبال کیا

Sep 24, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ تین روزہ دورے پر امریکا پہنچ گئے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے ان کا اور ان کی اہلیہ پینگ لی یوان کا پرتپاک استقبال کیا۔جوائنٹ بیس اینڈریوز پر چینی صدر کے استقبال کے لیے 100 فٹ طویل سرخ قالین بچھایا گیا، توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ امریکی فضائیہ کے دو بی ون بمبار طیاروں نے فضائی مظاہرہ بھی کیا۔استقبالیہ تقریب میں امریکا اور چین کے پرچم آویزاں کیے گئے، تین رسمی فوجی دستے تعینات تھے اور امریکی فضائیہ کے بینڈ نے دونوں ممالک کے قومی ترانے پیش کیے۔ امریکی فوج کی مختلف سروسز کے دستے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔استقبال کے بعد ٹرمپ نے شی جن پنگ کو ان کی گاڑی تک پہنچایا، جہاں دونوں رہنماؤں نے مختصر گفتگو کی، جس کے بعد چینی صدر واشنگٹن روانہ ہوگئے۔دورے کے دوران ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان تجارتی محصولات، مصنوعی ذہانت، ایران جنگ، تائیوان اور دیگر اہم دوطرفہ و عالمی امور پر بات چیت متوقع ہے۔امریکا اور چین کے درمیان گزشتہ سال ہونے والا تجارتی معاہدہ نومبر میں ختم ہونے والا ہے، اس لیے تجارتی معاملات بھی دونوں رہنماؤں کی ملاقاتوں میں اہم موضوع رہیں گے۔