صوابی اور نوشہرہ میں اہم شاہراہیں کنٹینرز لگا کر بند

صوابی اور نوشہرہ میں اہم شاہراہیں کنٹینرز لگا کر بند

Sep 24, 2026|ویب ڈیسک

صوابی، نوشہرہ( اباسین خبر)پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب، اسلام آباد اور راولپنڈی کے بعد خیبرپختونخوا کے اضلاع صوابی اور نوشہرہ میں بھی اہم شاہراہیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئیں۔صوابی میں ایم ون موٹروے کو ہنڈ کے مقام پر دریائے سندھ کے قریب کنٹینرز کھڑے کرکے بند کردیا گیا، جس کے باعث شہریوں کو پیدل آمدورفت میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔نوشہرہ میں خیرآباد کے مقام پر پیدل آمدورفت کے لیے کھلا راستہ بھی بند کردیا گیا اور پل پر کنٹینرز لگا دیے گئے، جس سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا۔پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج کے پیش نظر خیرآباد کے مقام پر موٹروے کے ساتھ جی ٹی روڈ بھی بند کی جاچکی ہے، جس کے باعث شہری متبادل پیدل راستے تلاش کرنے پر مجبور ہیں۔دوسری جانب اٹک پل پر ممکنہ احتجاجی مظاہرین کو روکنے کے لیے پنجاب حکومت نے درجنوں کنٹینرز اور ہزاروں ریت کی بوریاں رکھ دی ہیں، جبکہ پل اور ملحقہ علاقوں میں پنجاب پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔