نیتن یاہو غزہ میں اجتماعی قتل کا سلسلہ جاری رکھے ہیں
نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو خطے میں اجتماعی قتل کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب میں پیڈرو سانچیز نے کہا کہ اسپین غزہ کی صورتحال کے ردعمل میں اسرائیل کے خلاف پابندیوں سمیت متعدد اقدامات کرچکا ہے، جبکہ مزید اقدامات پر بھی غور جاری ہے۔ہسپانوی حکومت اس سے قبل اسرائیل کو ہتھیاروں کی برآمد محدود کرنے اور بعض فوجی تعاون روکنے کے اقدامات کا اعلان بھی کرچکی ہے۔پیڈرو سانچیز نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات میں غزہ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے جاری تنازعات کے تناظر میں عالمی تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انتونیو گوتیرس بھی جنرل اسمبلی سے خطاب میں غزہ کی سنگین انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی، انسانی امداد میں اضافے اور بین الاقوامی قانون کے احترام کا مطالبہ کرچکے ہیں۔