ایف بی آر کا سوشل میڈیا آمدن پر خصوصی ٹیکس نظام متعارف

ایف بی آر کا سوشل میڈیا آمدن پر خصوصی ٹیکس نظام متعارف

Sep 24, 2026|ویب ڈیسک

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی محصولات بورڈ نے سوشل میڈیا سے آمدن حاصل کرنے والوں کے لیے خصوصی ٹیکس طریقہ کار متعارف کرا دیا۔نئے قواعد کے تحت سوشل میڈیا سے کمائی کرنے والے پاکستان میں مقیم افراد کی آمدن پر ٹیکس کا الگ طریقہ لاگو ہوگا، جبکہ آمدن سے متعلق انکم ٹیکس قواعد میں نیا باب شامل کیا گیا ہے۔قواعد کے مطابق سوشل میڈیا آمدن سے متعلق قابل قبول اخراجات کی زیادہ سے زیادہ 30 فیصد تک کٹوتی کی جاسکے گی اور قابلِ ٹیکس آمدن مجموعی آمدن سے منظور شدہ اخراجات منہا کرکے طے کی جائے گی۔وفاقی محصولات بورڈ کے مطابق آمدن کا تعین ویوز، فی ہزار ویوز حاصل ہونے والی رقم اور حقیقت میں وصول ہونے والی نقد یا دیگر شکل کی آمدن کی بنیاد پر ہوگا۔ اگر اصل آمدن مقررہ حد سے کم ہو تو اس کا ثبوت متعلقہ کمشنر کو فراہم کرنا ہوگا۔نئے طریقہ کار کے تحت سوشل میڈیا سے حاصل آمدن پر ہر سہ ماہی پیشگی ٹیکس ادا کرنا ہوگا، جبکہ سالانہ گوشوارے میں سوشل میڈیا آمدن الگ ظاہر کرنا بھی لازم ہوگا۔ کم آمدن ظاہر کرنے کی صورت میں کمشنر اسے درست کرسکے گا۔وفاقی محصولات بورڈ کے مطابق نئے قواعد کا اطلاق سوشل میڈیا پلیٹ فارم، سوشل میڈیا مواد اور معاوضہ حاصل کرنے والے مواد سے ہونے والی آمدن پر ہوگا۔