اباسین خبر

اقوامِ متحدہ اجلاس میں اسرائیلی سفیر اور اعلیٰ عہدیدار کے درمیان سخت تلخ کلامی

اقوامِ متحدہ اجلاس میں اسرائیلی سفیر اور اعلیٰ عہدیدار کے درمیان سخت تلخ کلامی

نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک)اقوامِ متحدہ میں جنسی تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ اجلاس میں اسرائیلی سفیر ڈینی ڈینن اور اقوامِ متحدہ کی اعلیٰ عہدیدار وینیسا فریزیئر کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی۔اجلاس کے دوران ڈینی ڈینن نے اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ پرامیلا پیٹن کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان پر اسرائیل کے خلاف جانبداری کا الزام عائد کیا۔انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس ادارے کو اسرائیل کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔اس موقع پر وینیسا فریزیئر نے مداخلت کرتے ہوئے اسرائیلی سفیر سے ذاتی حملوں سے گریز کرنے کا کہا اور واضح کیا کہ اقوامِ متحدہ کی رپورٹس مصدقہ شواہد پر مبنی ہوتی ہیں۔جواب میں اسرائیلی سفیر نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خاموش رہیں کیونکہ وہ اقوامِ متحدہ کی ملازم ہیں جبکہ اسرائیل ایک رکن ریاست ہے۔بعد ازاں وینیسا فریزیئر نے مؤقف اپنایا کہ رپورٹس حقیقت اور شواہد پر مبنی ہیں، جبکہ اسرائیلی سفیر ان رپورٹس کو مسترد کرتے رہے، جس کے باعث اجلاس میں ماحول خاصا کشیدہ رہا۔