شام میں انتشار پھیلانے کی کوشش، ترک صدر کا اسرائیل کو انتباہ
انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے شام میں انتشار پھیلانے کی کوششوں پر اسرائیلی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل شام میں بھی افراتفری پیدا کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔انقرہ میں ایک تقریر کے دوران ترک صدر نے کہا کہ شام سے اچھی خبریں موصول ہو رہی ہیں، تاہم اسرائیل وہاں بھی بدامنی اور انتشار پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق اردگان نے کہا کہ خطے کو بحرانوں کے ایک ایسے طوفان کا سامنا ہے جس کی شدت روز بروز بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی کی شمالی سرحد کے قریب روس اور یوکرین کی جنگ چند ماہ میں اپنے پانچویں سال میں داخل ہو جائے گی۔ معاہدوں پر دستخط ہونے کے باوجود فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جنگ جاری ہے، جبکہ ایران میں کشیدگی مکمل طور پر ختم ہونے سے پہلے ہی ایک نیا تنازع یمن میں شروع ہوگیا ہے۔ترک صدر نے مزید کہا کہ سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں نے بھی خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کو ترکی کا دوست اور ہمدرد ملک قرار دیتے ہوئے علاقائی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا۔