امریکی وزیرِ جنگ کا اسرائیل کا خفیہ دورہ، نیتن یاہو سے ملاقات
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے اسرائیل کا غیر اعلانیہ دورہ کیا اور اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کی۔ امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دو ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی محکمۂ دفاع نے اس دورے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا، جبکہ واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے نے بھی برطانوی خبر رساں ادارے کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔یہ خبر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آئندہ ہفتے ہونے والے اسرائیلی پارلیمانی انتخابات میں نیتن یاہو کی حمایت کے اعلان کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے۔یہ انتخابات 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے بعد اسرائیل میں ہونے والے پہلے ملک گیر انتخابات ہیں۔ اس حملے نے اسرائیل کو شدید متاثر کیا تھا اور مشرقِ وسطیٰ کو بدامنی کے ایک نئے دور میں دھکیل دیا تھا۔ اس کے بعد سے اسرائیل غزہ، لبنان اور ایران سے متعلق تنازعات اور جنگوں میں الجھا ہوا ہے۔دوسری جانب امریکا میں بھی اگلے ماہ کے آغاز میں وسط مدتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ایران نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ انتخابات کو جواز بنا کر ایران کے خلاف کسی نئے حملے کی تیاری نہ کریں۔ایرانی فوجی حکام گزشتہ چند روز کے دوران متعدد مرتبہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ ان کا ملک امریکا کے ساتھ کسی بھی نئے فوجی تصادم کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کا نیا مرحلہ شروع ہوا تو ایران نئے فوجی اہداف اور مختلف ہتھیاروں کے استعمال پر غور کرسکتا ہے۔