ونیزہ احمد کا لڑکیوں کو نکاح نامہ پڑھنے کا مشورہ

ونیزہ احمد کا لڑکیوں کو نکاح نامہ پڑھنے کا مشورہ

Oct 21, 2026|ویب ڈیسک

لاہور (شوبز ڈیسک) پاکستانی معروف سپر ماڈل اور اداکارہ ونیزہ احمد نے انکشاف کیا ہے کہ خودمختار خاتون ہونے کے باوجود انہوں نے شادی کے وقت اپنا نکاح نامہ نہیں پڑھا تھا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو ایسی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔حال ہی میں ونیزہ احمد نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور نکاح نامہ پڑھنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ونیزہ احمد نے نسبتاً پختہ عمر میں شادی کی تھی۔ اس وقت تک وہ شوبز انڈسٹری میں اپنی پہچان بنا چکی تھیں اور ایک تعلیم یافتہ و باشعور خاتون کے طور پر جانی جاتی تھیں، تاہم حالیہ انٹرویو میں انہوں نے اعتراف کیا کہ خودمختار ہونے کے باوجود شادی کے وقت اپنا نکاح نامہ نہ پڑھنا ان کی غلطی تھی۔اداکارہ کے مطابق انہوں نے نکاح نامے میں حق مہر اور نان و نفقے سے متعلق شقوں کا بھی مطالعہ نہیں کیا تھا۔ بعد ازاں جب ان کی ازدواجی زندگی میں مسائل پیدا ہوئے اور شادی ختم ہونے کی نوبت آئی تو انہوں نے ان شرائط کو پڑھا۔ونیزہ احمد نے اپنے تجربے کی روشنی میں خواتین پر زور دیا کہ وہ نکاح نامہ ضرور پڑھیں اور اپنے حقوق سے آگاہ رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو اپنے قانونی اور ازدواجی حقوق کے لیے آواز اٹھانی چاہیے اور نکاح نامے میں درج شرائط کو سمجھنے کے بعد ہی ان پر رضامندی دینی چاہیے۔اداکارہ نے اپنی بات سمجھانے کے لیے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہوائی جہاز سے چھلانگ لگانے سے پہلے اس کی شرائط و ضوابط پڑھنے چاہئیں، نہ کہ چھلانگ لگانے کے بعد۔ونیزہ احمد کا کہنا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ نوجوان خواتین ان کے تجربے سے سبق سیکھیں اور شادی سے پہلے اپنے نکاح نامے، حق مہر اور دیگر متعلقہ شرائط کو اچھی طرح سمجھ لیں، تاکہ مستقبل میں انہیں اپنے حقوق کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔