پاکستان آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگیا، آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ دیا
لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم نے سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف شاندار فتوحات کے بعد آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔راولپنڈی میں جاری سہ ملکی سیریز میں مسلسل کامیابیوں کے نتیجے میں پاکستان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 103 ہوگئی ہے، جبکہ تیسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقا 104 پوائنٹس کے ساتھ قومی ٹیم سے صرف ایک پوائنٹ آگے ہے۔بھارت 115 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور نیوزی لینڈ 109 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ آسٹریلیا تنزلی کے بعد پانچویں پوزیشن پر چلا گیا ہے۔پاکستان کی رینکنگ میں بہتری کی بڑی وجہ انگلینڈ کے خلاف 87 رنز کی شاندار فتح بنی، جس میں نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس نے نمایاں کردار ادا کیا۔عرفات منہاس نے 58 گیندوں پر 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد بولنگ میں بھی کمال دکھایا اور صرف 40 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے میچ کے دوران ابتدا میں 81 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دی تھیں، تاہم حسن نواز کے 79 رنز، عرفات منہاس کی نصف سنچری اور فہیم اشرف کے جارحانہ 39 رنز کی بدولت قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 215 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے میچ 87 رنز سے جیت لیا۔اس کامیابی کے بعد پاکستان ون ڈے رینکنگ میں جنوبی افریقا کو پیچھے چھوڑ کر تیسری پوزیشن حاصل کرنے سے صرف ایک پوائنٹ دور ہے۔ قومی ٹیم نے اگر اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا تو رینکنگ میں مزید ترقی حاصل کرسکتی ہے۔