شاپور زدران کے انتقال پر شاہد آفریدی کا اظہارِ افسوس
لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغانستان کے سابق فاسٹ بولر شاپور زدران کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔38 سالہ شاپور زدران طویل علالت کے بعد نئی دہلی کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور زیرِ علاج تھے۔شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ "بے شک ہم اللہ ہی کے ہیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔"انہوں نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاپور زدران ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم پر اپنی رحمت نازل فرمائے، ان کی مغفرت کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ موت ہر انسان کا مقدر ہے، لیکن پشتونوں کی عزت، وقار اور روایات ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔ ان کے مطابق موت جسم کو جدا کر سکتی ہے، مگر ایک قوم کی اقدار اور شناخت ہمیشہ باقی رہتی ہے۔واضح رہے کہ شاپور زدران نے افغانستان کی جانب سے 44 ایک روزہ اور 36 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچز کھیلے۔ 2015 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف افغانستان کی تاریخی پہلی فتح میں انہوں نے فاتحانہ رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا تھا۔