لیجنڈ اداکارہ ذہین طاہرہ کو مداحوں سے بچھڑے سات برس بیت گئے
کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستان کی نامور اور سینئر اداکارہ ذہین طاہرہ کو دنیا سے رخصت ہوئے سات برس گزر گئے، تاہم ان کا فن اور یادگار کردار آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ذہین طاہرہ نے 1960 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور کئی دہائیوں تک پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی منفرد اداکاری کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔انہوں نے خدا کی بستی، عروسہ، دیس پردیس اور وارث جیسے مقبول ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے، جبکہ خصوصاً ڈرامہ وارث میں ان کی شاندار اداکاری کو آج بھی سراہا جاتا ہے۔ٹی وی اسکرین پر وہ ماں، دادی اور نانی کے باوقار، شفیق اور روایتی کرداروں کی علامت سمجھی جاتی تھیں، جنہوں نے اپنی فطری اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے۔پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں تمغۂ امتیاز سے بھی نوازا۔ذہین طاہرہ 9 جولائی 2019 کو کراچی میں انتقال کر گئی تھیں، تاہم ان کی فنی خدمات اور لازوال کردار انہیں ہمیشہ پاکستانی ڈرامے کی تاریخ میں زندہ رکھیں گے۔