بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، متعدد عسکریت پسند ہلاک

1 دن قبل
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، متعدد عسکریت پسند ہلاک

کوئٹہ( اباسین خبر)کوئٹہ میں حکام کے مطابق بلوچستان کے علاقے منگلہ زرغون غر میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کے دوران بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں متعدد مسلح عناصر کو ہلاک کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور کے مطابق یہ آپریشن تیرہ مئی سے جاری ہے اور اس دوران پینتیس سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی جب صوبے کے مختلف علاقوں دالبندین، تربت، نوشکی اور مستونگ میں فائرنگ اور حملوں کے متعدد واقعات پیش آئے، جن میں ایک خاتون پولیس اہلکار اور براہوی زبان کے ایک اسسٹنٹ پروفیسر جاں بحق ہوئے جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔سرکاری ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے اور تربیتی مراکز بھی تباہ کیے گئے، جس سے ان کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران تین اہم کمانڈرز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جن سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر مزید کارروائیاں جاری ہیں۔حکام نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور ان کے نیٹ ورک کے خلاف بھی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے، اور ریاست ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔عالمی سطح پر بعض ممالک کی جانب سے مختلف تنظیموں کو دہشت گرد قرار دیے جانے کے پس منظر میں پاکستان میں بھی سکیورٹی خدشات اور کارروائیوں کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں امن کے قیام کے لیے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔