ایس ای سی پی کی چھوٹے کاروباروں کیلئے شریعہ کمپلائنٹ ڈیجیٹل فنانسنگ منظور
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے چھوٹے کاروباروں کیلئے شریعہ کمپلائنٹ ڈیجیٹل فنانسنگ کی منظوری دے دی، جس کے تحت کاروباری افراد ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے 30 لاکھ روپے تک فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔ایس ای سی پی کے مطابق ’’شامل کار تاجر‘‘ ایپ کے ذریعے منظور شدہ سپلائرز سے کاروباری سامان خریدنے کیلئے فنانسنگ حاصل کی جاسکے گی۔ نئی ڈیجیٹل سہولت کے نتیجے میں چھوٹے کاروباروں کو باضابطہ کریڈٹ نظام تک رسائی حاصل ہوگی۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ ڈیجیٹل ذرائع سے فنانسنگ کے ذریعے قرضوں تک رسائی سے محروم کاروباروں کو سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ ڈیجیٹل فنانسنگ کے فروغ کے ساتھ صارفین کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔ایس ای سی پی کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران نان بینکنگ کمپنیوں نے چھوٹے کاروباروں کو 253 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے، جبکہ اسی عرصے میں 25 لاکھ افراد کو چھوٹے کاروباروں کیلئے فنانسنگ دی گئی۔