صنم جنگ نے کراچی کے ای چالان سسٹم پر سوالات اٹھا دیے
کراچی( شوبز ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ اور میزبان صنم جنگ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان آمد کے ایک ماہ کے دوران ان پر ڈرائیونگ کے 6 ای چالان عائد کیے گئے، جن میں سے بعض ایسے بھی ہیں جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعلقہ خلاف ورزی کی ہی نہیں۔صنم جنگ نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں بتایا کہ مسلسل جرمانوں پر ان کے والد بھی ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلا جرمانہ دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر ہوا، جسے انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے درست قرار دیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعد میں ان پر سیٹ بیلٹ نہ پہننے سمیت دیگر خلاف ورزیوں کے بھی چالان کیے گئے، حالانکہ وہ ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر گاڑی چلاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک رہنے کی وجہ سے سیٹ بیلٹ باندھنا ان کی عادت بن چکی ہے اور وہ اس کے بغیر گاڑی بھی اسٹارٹ نہیں کرتیں۔صنم جنگ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ جن خلاف ورزیوں کا انہوں نے ارتکاب ہی نہیں کیا، ان پر جرمانے کیوں عائد کیے جا رہے ہیں، جبکہ اس صورتحال کی وجہ سے انہیں گھر میں بھی جواب دہی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔