سائی پلوی نے خود کو فلم “ایک دن” کیلئے غلط انتخاب قرار دے دیا

8 گھنٹے قبل
سائی پلوی نے خود کو فلم “ایک دن” کیلئے غلط انتخاب قرار دے دیا

ممبئی( شو بز ڈیسک)فلم “ایک دن” میں مرکزی کردار ادا کرنے والی معروف اداکارہ سائی پلوی نے سوشل میڈیا پر ہندی زبان نہ بولنے پر ہونے والی تنقید کے بعد کہا ہے کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ وہ اس فلم کیلئے درست انتخاب نہیں تھیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں فلم کی تشہیری تقریب کے دوران سائی پلوی کو ہندی بولنے میں دشواری کے باعث سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔عامر خان ٹاکیز کے یوٹیوب چینل پر جاری ایک ویڈیو میں سائی پلوی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے فلم کے پریمیئر کے موقع پر عامر خان سے کہا تھا، “مجھے لگتا ہے کہ مجھے یہ کردار نہیں کرنا چاہیے تھا، شاید میں اس کردار کیلئے غلط انتخاب ہوں۔”تاہم فلم میں ان کے شریک اداکار جنید خان نے ان کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کردار خاص طور پر انہی کیلئے موزوں تھا۔سائی پلوی نے مزید بتایا کہ وہ اس وقت نسبتاً ہلکے موضوع پر مبنی فلم کرنا چاہتی تھیں کیونکہ اس سے قبل وہ کئی سنجیدہ نوعیت کی فلموں میں کام کر چکی تھیں۔ ان کے مطابق انہیں لگا تھا کہ “ایک دن” فلم مشہور فلم “بیفور سن رائز” جیسا احساس دے گی، جو ان کی پسندیدہ فلموں میں شامل ہے۔یہ سائی پلوی کی ہندی سنیما میں پہلی فلم ہے، جس میں انہوں نے “میرا” کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ فلم عامر خان پروڈکشنز کے تحت تیار کی گئی ہے اور 2016 کی تھائی فلم “ون ڈے” کا ری میک ہے۔