صبور علی نے ڈیڑھ سالہ بیٹی کو پری اسکول بھیجنے کی وجہ بتادی
کراچی( شو بز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ صبور علی نے اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی سیرینا کو پری اسکول بھیجنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس سرگرمی سے بچی کی سماجی صلاحیتیں بہتر ہورہی ہیں۔ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران میزبان نے سیرینا کے کم عمری میں پری اسکول جانے پر حیرت کا اظہار کیا، جس پر صبور علی نے بتایا کہ بیٹی روزانہ اسکول میں صرف 15 سے 20 منٹ گزارتی ہے، جہاں وہ کھیلتی ہے اور پھر گھر واپس آجاتی ہے۔اداکارہ کے مطابق پری اسکول جانے سے سیرینا کو دوسرے بچوں کے ساتھ گھلنے ملنے کا موقع مل رہا ہے، جبکہ بچوں کے لیے یہ سیکھنا بھی ضروری ہے کہ وہ کچھ وقت والدین سے دور رہ کر دوسروں کے ساتھ کس طرح پیش آئیں۔صبور علی نے بتایا کہ اسکول کا پہلا تعارفی دن سیرینا کے لیے مشکل تھا اور وہ بہت روئی تھیں، جس پر انہیں اس وقت شرمندگی بھی محسوس ہوئی کیونکہ دیگر بچے نہیں رو رہے تھے۔ تاہم اب سیرینا اسکول جانے میں دلچسپی لیتی ہے اور واپسی پر بھی گھر آنے کے لیے تیار نہیں ہوتی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی پہلے ہی کافی ملنسار ہے، تاہم پری اسکول کے ذریعے اسے دوسرے بچوں کے ساتھ میل جول بڑھانے کا مزید موقع مل رہا ہے۔سیرینا کو پری اسکول بھیجنے کے صبور علی اور ان کے شوہر کے فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ بعض صارفین نے کم عمر بچے کو اسکول بھیجنے کو نامناسب قرار دیا، جبکہ کچھ نے اس فیصلے کی حمایت کی۔