کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اقراء عزیز کی بڑی بہن سدرہ عزیز نے اقراء عزیز اور یاسر حسین کی شادی کے بعد اداکارہ کے کیریئر سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر ردِعمل دیا ہے۔گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر یہ دعوے کیے جا رہے تھے کہ یاسر حسین سے شادی کے بعد اقراء عزیز کے کیریئر کو نقصان پہنچا ہے اور ان کے ساتھ پروجیکٹس کم ہو گئے ہیں۔حال ہی میں ایک سوشل میڈیا صارف نے بھی اس حوالے سے سوال اٹھایا تھا کہ اقراء عزیز کا کیریئر شادی کے بعد متاثر ہوا اور اب ان کے ساتھ کام کرنے میں بھی کمی آ گئی ہے۔اس پر اقراء عزیز کی بہن سدرہ عزیز نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی زندگیوں کے بارے میں خود سے کہانیاں گھڑنا بند کریں۔ ان کے مطابق اقراء عزیز نے حال ہی میں ایک نیٹ فلکس سیریز کی شوٹنگ مکمل کی ہے اور وہ اس وقت اپنے دو بچوں کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ نئے اسکرپٹس بھی پڑھ رہی ہیں۔سدرہ عزیز نے واضح کیا کہ اقراء جلد ہی نئے پراجیکٹس پر بھی کام شروع کریں گی، اس لیے ان کے کیریئر سے متعلق منفی باتیں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔سوشل میڈیا پر ان افواہوں کے خلاف اداکارہ کے مداح بھی سامنے آئے اور انہوں نے اقراء عزیز کی حمایت میں مختلف تبصرے کیے۔واضح رہے کہ اقراء عزیز اور یاسر حسین نے دسمبر 2019 میں شادی کی تھی۔ اس جوڑی کے ہاں جولائی 2021 میں بیٹے کبیر حسین اور جنوری 2026 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔
اقراء عزیز کے کیریئر سے متعلق افواہیں بے بنیاد قرار، بہن سدرہ عزیز کا ردِعمل سامنے آگیا
7 گھنٹے قبل