ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی کھیپ میں 68 کروڑ 80 لاکھ روپے کی غلط بیانی پکڑی گئی

ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی کھیپ میں 68 کروڑ 80 لاکھ روپے کی غلط بیانی پکڑی گئی

Oct 30, 2026|ویب ڈیسک

کراچی ( کامرس ڈیسک)ایکسپورٹ پراسیسنگ زون بھیجی جانے والی کھیپ میں بڑے پیمانے پر غلط بیانی کا انکشاف ہوا ہے، جہاں کسٹمز دستاویزات میں مشین پریس پارٹس ظاہر کیے گئے، تاہم کنٹینر سے لوڈ سیلز برآمد ہوئے۔ڈائریکٹوریٹ ٹرانزٹ ٹریڈ آپریشنز کراچی اور کلکٹریٹ کسٹمز اپریزمنٹ کے مشترکہ معائنے کے دوران سامنے آنے والے اس معاملے میں 68 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کا سامان پکڑا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ٹرانزٹ ٹریڈ عرفان جاوید کے مطابق مذکورہ کھیپ پشاور ایکسپورٹ پراسیسنگ زون رسالپور بھیجی جا رہی تھی۔ خفیہ اطلاع پر معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ کسٹمز میں جمع کرائی گئی گڈز ڈیکلریشن میں درج اشیا کنٹینر میں موجود نہیں تھیں۔حکام کے مطابق درآمد کنندہ کو ایکسپورٹ پراسیسنگ زون اتھارٹی کی جانب سے مصنوعی پھولوں، پودوں، سوٹ کیسز اور بیگز کی تیاری کا لائسنس جاری کیا گیا تھا، تاہم برآمد ہونے والی اشیا نہ تو دستاویزات میں ظاہر کردہ تفصیلات سے مطابقت رکھتی ہیں اور نہ ہی منظور شدہ پیداواری سرگرمیوں کا حصہ ہیں۔ویلیوایشن رولنگ کے مطابق غلط ظاہر کی گئی اشیا کی مالیت 68 کروڑ 80 لاکھ روپے جبکہ ان پر واجب الادا ڈیوٹی اور ٹیکس 16 کروڑ 50 لاکھ روپے ہیں۔غلط بیانی میں ملوث کمپنی کے خلاف کسٹمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ کنٹراوینشن کیس اور مقدمہ بھی درج کیا جا رہا ہے۔