بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
کراچی ( کامرس ڈیسک)نیپرا نے ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اضافے کی منظوری کی صورت میں صارفین پر 32 ارب 66 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔سماعت کے دوران سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) حکام نے بتایا کہ ستمبر میں بجلی کی اوسط فیول لاگت 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ اس کا تخمینہ 7 روپے 46 پیسے لگایا گیا تھا۔حکام کے مطابق ستمبر میں بجلی کی پیداوار پر مجموعی لاگت 127 ارب 87 کروڑ روپے رہی۔ مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار پر 7 ارب 95 کروڑ، درآمدی کوئلے پر 37 ارب 14 کروڑ، ڈیزل پر 13 ارب 26 کروڑ، فرنس آئل پر 11 ارب 81 کروڑ اور مقامی گیس پر 13 ارب 89 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے پر 31 ارب 93 کروڑ روپے لاگت آئی، جبکہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے مجموعی طور پر 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی۔پاور ڈویژن کے مطابق ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 5 سے 6 روپے فی یونٹ تک بڑھنے کا خدشہ تھا، تاہم 2 گھنٹے کی لوڈ مینجمنٹ سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے اسے 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ تک محدود کیا گیا۔واضح رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔