لاہور میں روٹی، نان سرکاری نرخ سے مہنگے فروخت ہونے لگے
لاہور( کامرس ڈیسک)میں سرکاری نرخ برقرار ہونے کے باوجود روٹی اور نان مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے ہیں، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔صارفین کے مطابق سرکاری قیمت 16 روپے ہونے کے باوجود روٹی 20 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ اس کا وزن بھی مقررہ معیار سے کم اور معیار غیر معیاری ہے۔ اسی طرح سادہ نان کی قیمت 20 روپے سے بڑھا کر 30 روپے کر دی گئی ہے۔دوسری جانب پنجاب کے فوڈ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہونے دیا جائے گا، کیونکہ آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے اور قیمت بڑھانے کا کوئی جواز نہیں۔حکام کے مطابق روٹی اور نان کے مقررہ وزن اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر میں چیکنگ اور چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ادھر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آٹا، میدہ، ایل پی جی اور شاپنگ بیگز کی قیمتوں میں اضافے کے باعث موجودہ سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں، انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے سادہ روٹی کی قیمت 25 روپے مقرر کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔