بابر اعظم پر بار بار سوالات، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن صحافیوں پر برہم
راولپنڈی ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ کارکردگی سے متعلق مسلسل سوالات پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے صحافیوں کو ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر توجہ دینے کا مشورہ دے دیا۔سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کے دوران مائیک ہیسن اس وقت برہم ہوگئے جب ان سے بابر اعظم کی جانب سے طویل عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری نہ بنانے کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر سوال کیا گیا۔نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم کو بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ اوسط پر کوئی تشویش نہیں، جو تقریباً 50 ہے۔ وہ اس معاملے پر گزشتہ پریس کانفرنسز میں بھی اپنا مؤقف واضح کر چکے ہیں۔مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ وہ سچ کہہ رہے ہیں کہ اب ہر پریس کانفرنس میں ایک ہی سوال بار بار سن کر تنگ آچکے ہیں۔ بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں اوسط تقریباً 50 ہے، اس لیے ٹیم ان کی کارکردگی کے حوالے سے پریشان نہیں اور اس معاملے پر ان کا جواب پہلے جیسا ہی ہوگا۔انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ کیا اب ایک ہی سوال دہرانے کے بجائے میدان میں جاری کرکٹ سے متعلق بات کی جا سکتی ہے؟ پاکستان کی ٹیم یہاں اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، اس لیے اس کی کارکردگی کو موضوع بنایا جانا چاہیے۔واضح رہے کہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں مستقل مزاجی برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ طویل عرصے سے سنچری نہ بنا پانے کے باعث ان کی حالیہ کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔