روی موہن نے فلموں میں واپسی کا اعلان، مداحوں سے معذرت کر لی

روی موہن نے فلموں میں واپسی کا اعلان، مداحوں سے معذرت کر لی

Jul 8, 2026|ویب ڈیسک

 لاہور( شوبز ڈیسک)(ویب ڈیسک) تامل فلموں کے معروف اداکار روی موہن نے فلمی دنیا سے عارضی کنارہ کشی کا اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے دوبارہ اداکاری جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنی طلاق کا معاملہ مکمل ہونے تک فلموں سے دور رہیں گے، تاہم اب انہوں نے اس فیصلے پر نظرثانی کر لی ہے۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روی موہن نے اعتراف کیا کہ انہوں نے جذبات میں آکر فلموں سے وقفہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اپنے مداحوں اور فلمی برادری سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس فیصلے سے بہت سے لوگوں کو مایوسی ہوئی۔روی موہن، جو اپنی اہلیہ آرتی روی سے علیحدگی اور بعد ازاں گلوکارہ وہیلر کینیشا فرانسس سے تعلق ختم ہونے کے باعث حالیہ عرصے میں خبروں کی زینت بنے رہے، نے کہا کہ وہ اب خود کو سنیما سے دور نہیں رکھیں گے۔ایوارڈز کی تقریب کے دوران انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی نصف زندگی فلمی صنعت کو دی ہے اور اپنے سابقہ اعلان پر انہیں افسوس ہے۔اداکار نے کہا، "میں اس سال 46 برس کا ہو رہا ہوں، یعنی میری زندگی کے 23 سال سنیما کے نام رہے ہیں۔ مجھے افسوس ہے کہ میری ایک غلطی نے میرے مداحوں کو اتنا دکھ پہنچایا۔"روی موہن نے مزید بتایا کہ فلمی صنعت سے وابستہ شخصیات اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے ملنے والی بھرپور حمایت اور حوصلہ افزائی کے بعد انہوں نے اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کیا اور اداکاری کا سفر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔