اقرا عزیز نے یاسر حسین سے عمر کے فرق پر تنقید کا جواب دے دیا

اقرا عزیز نے یاسر حسین سے عمر کے فرق پر تنقید کا جواب دے دیا

Sep 5, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستانی ڈراما صنعت کی مقبول جوڑی اقرا عزیز اور یاسر حسین کی شادی 2019ء میں ہوئی تھی۔ دونوں کی عمر میں تقریباً 11 سال کا فرق ہے، جس کے باعث اقرا عزیز کو شادی کے بعد سے مسلسل مختلف سوالات اور تنقید کا سامنا رہا ہے۔اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اقرا عزیز نے شوہر یاسر حسین کے ساتھ عمر کے فرق پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ یاسر جیسے شریکِ حیات کا ساتھ ملنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی شادی کے بارے میں لوگوں کی مختلف آرا ہوسکتی ہیں، لیکن دوسروں کی باتوں نے کبھی بھی شوہر کے لیے ان کے جذبات کو تبدیل نہیں کیا۔یاسر حسین سے تقریباً 11 سال عمر کے فرق کے بارے میں سوال پر اقرا عزیز نے کہا کہ ان کے نزدیک یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ ان کے والدین کے درمیان بھی عمر کا ایسا ہی فرق رہا ہے، اس لیے وہ اسے بالکل معمول سمجھتی ہیں۔اقرا عزیز نے کہا کہ کسی بھی رشتے میں صرف عمر کا فرق اہمیت نہیں رکھتا بلکہ اصل چیز باہمی وابستگی، سکون اور ذہنی ہم آہنگی ہے۔ ان کے مطابق رشتے کی کامیابی اس بات پر منحصر ہے کہ دونوں افراد ایک دوسرے کے ساتھ کتنے مطمئن اور آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔اداکارہ نے واضح کیا کہ عمر میں فرق ہو یا نہ ہو، مضبوط رشتے کے لیے ایک دوسرے کو سمجھنا، عزت دینا اور ذہنی طور پر ہم آہنگ ہونا زیادہ اہم ہے۔واضح رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین دو بچوں کے والدین ہیں۔ ان کے پہلے بیٹے کبیر حسین کی پیدائش جولائی 2021ء میں ہوئی، جبکہ جنوری 2026ء میں ان کے ہاں بیٹی صوفیہ حسین کی پیدائش ہوئی۔