نامور اداکار عابد علی کی ساتویں برسی آج عقیدت سے منائی جا رہی ہے

نامور اداکار عابد علی کی ساتویں برسی آج عقیدت سے منائی جا رہی ہے

Sep 5, 2026|ویب ڈیسک

لاہور( شوبز ڈیسک) پاکستان کی ڈراما صنعت میں چار دہائیوں تک اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے نامور اداکار عابد علی کی آج ساتویں برسی منائی جا رہی ہے۔ وہ ہر کردار کو اس خوبصورتی سے نبھاتے تھے کہ کردار حقیقت کا روپ دھار لیتا تھا۔عابد علی 17 مارچ 1952ء کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا اور بعد ازاں پاکستان ٹیلی وژن سے وابستہ ہوگئے۔ اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے باعث وہ ٹیلی وژن کے سنہرے دور کے نمایاں اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔پاکستان ٹیلی وژن کے مقبول ڈرامے وارث میں فتح خان کا کردار عابد علی کی پہچان بن گیا۔ اس کے علاوہ دشت اور دیار دل سمیت کئی کامیاب ڈراموں میں انہوں نے یادگار کردار ادا کیے۔ ان کی پُراثر آواز، مکالموں کی شاندار ادائیگی اور باوقار انداز نے انہیں ناظرین میں بے حد مقبول بنایا۔فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں 1985ء میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا۔ عابد علی 5 ستمبر 2019ء کو کراچی میں انتقال کر گئے اور یوں فن کی دنیا کا یہ روشن ستارہ ہمیشہ کے لیے غروب ہوگیا۔عابد علی آج ہمارے درمیان موجود نہیں، تاہم ان کی یادیں اور ان کے نبھائے ہوئے یادگار کردار پاکستانی ڈراما تاریخ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی اداکاری آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک مثال بنی رہے گی۔